پنجی، 4 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آر ایس ایس کی گوا یونٹ میں جاری بحران کے درمیان وزیر دفاع منوہر پاریکر یہاں پہنچ گئے ہیں اور آج وزیر اعلی لکشمی کانت پارسیکر سے ملاقات کر سکتے ہیں۔پاریکر کل رات تقریبا 9:30بجے گوا پہنچے۔بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے آج میڈیا کوبتایا کہ حالات پر بحث کے لیے وہ وزیر اعلی سے ملاقات کر سکتے ہیں۔مسئلے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے دونوں لیڈروں کے درمیان اس اہم ملاقات کو میڈیا کی نظر وں سے دور رکھا گیا ہے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر پاریکر ماپوسا کے قریب پارا میں واقع اپنے آبائی مقام پر تہوار میں شامل ہوں گے۔آر ایس ایس کی گوا یونٹ کے سربراہ سبھاش ویلنگکر کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ویلنگکر نے انگریزی میڈیم کے اسکولوں کو تعاون دینے کو لے کر ریاست کی بی جے پی حکومت پر نشانہ سادھا تھا اور گزشتہ 31؍اگست کو ان کو آر ایس ایس کی ریاستی یونٹ کے سربراہ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔انہوں نے اپنے خلاف ہوئی اس کارروائی کے لیے پاریکر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ذمہ دار ٹھہرایاتھا ۔آر ایس ایس کے سینکڑوں کارکنوں کی حمایت کا دعوی کرتے ہوئے ویلنگکر نے کہا ہے کہ آرایس ایس کی ریاستی یونٹ اپنی اصل تنظیم سے الگ ہو کر آزادانہ طور پر کام کرے گی۔